اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ نے قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف کی رواں ماہ وطن واپسی کی تصدیق کردی ہے۔
سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ نے وفاقی دارالحکومت میں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کا دل کا آپریشن ہونا ہے جس کے بعد وہ وطن واپسی کا سفر اختیار کریں گے۔
نواز شریف کی ضمانت کے حوالے سے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سابق وزیر اعظم کی ضمانت میں مزید توسیع کی جائے کیونکہ ان کا علاج ضروری ہے۔ توسیع کیلئے قانونی ٹیم سے مشاورت بھی کر رہے ہیں۔
انتخابات کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) رہنما نے کہا کہ ہم کسی قومی حکومت کاحصہ نہیں بننا چاہتے۔ ہماری خواہش ہے کہ حکومتِ وقت کے خلاف احتجاج کیا جائے۔ مڈ ٹرم انتخابات کروائے جائیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل نیب نے رانا ثناءاللہ کو آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں ایک دفعہ پھر طلب کر لیا۔ 19 فروری کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیب نے گزشتہ ماہ رانا ثنا اللہ سے ان کی فیملی اراکین کو تحائف دینے کیلئے رقم کے ذرائع بھی پوچھ لیے اورکاروباری شراکت داری کی تفصیل بھی فراہم کرنے کا کہا گیا۔
مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثنااللہ کو 19 فروری کو پیش ہونے کا حکم