تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹا، بیمار اور خالی دماغ شخص ہم پر مسلط کر دیا گیا ہے، شہبازشریف

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

shehbaz sharif
تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹا، بیمار اور خالی دماغ شخص ہم پر مسلط کر دیا گیا ہے، شہبازشریف

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ جب تک ملک کی عمران خان نیازی سے جان نہیں چھوٹ جاتی ہم نے اس کی جان نہیں چھوڑنی،ہم پر تاریخ کا سب سے بڑا جھوٹا، بیمار اور خالی دماغ شخص مسلط کر دیا گیا ہے۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف روبہ صحت ہیں اور ان کی صحت میں بہتری آئی ہے تاہم انہیں مزید آرام کی ضرورت ہے۔

ن لیگ کے پارلیمانی نمائندوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کاکہنا تھا کہ احسان فراموشی عمران نیازی کا طرہ امتیاز ہے،غیروں کو چھوڑیں یہ اپنے خاندان کو بھی نظرانداز کردیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے ملک کی معیشت کا ستیاناس کردیا ہے، آج ڈالر کی قیمت خود یکھیں کہاں پہنچ گئی، عمران کہتا تھا کہ اگر تیل ایک روپیہ مہنگاہو تو حکمران چور ہے لیکن اب اس کے دور میں 50 روپے سے زیادہ مہنگا ہوچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آج پھر ملک پرظالم، کٹھ پتلی، سلیکٹڈ اور آمریت کی پیداوار کا راج ہے، بلاول بھٹو

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ذاتی طور پر بداخلاقی کرتے تو کوئی بات نہیں تھی لیکن اب ترقی و خوشحالی کی بات ہے، سوا سال عمران خان جھوٹ بولتے، بدکلامی اور بدزبانی کرتے رہے اور یو ٹرن لیتے رہے جبکہ ملک کی 72 سالہ تاریخ میں ایسا بددیانت، جھوٹا اور مکار سیاستدان نہیں آیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ سب نے 31 اکتوبر کو پوری قوت کے ساتھ اسلام آباد پہنچنا ہے ہم اپنے مطالبات سامنے رکھیں گے اور نواز شریف کی ہدایت کی روشنی میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، اداروں نے جتنی مدد عمران خان کی ہے اگر ہماری 10 فیصد بلکہ دھکا بھی مل جاتا تو پاکستان کو کہاں سے کہاں لے جاتے، اداروں کا خیال تھا کہ جس طرح عمران خان نے 1992 کا ورلڈ کپ جیتا ہے شاید ویسی پرفارمنس دے گا۔

(ن) لیگی صدر نے کہا کہ عوام آج بر ملا کہہ رہے ہیں کہ ہمیں یہ شخص نہیں چاہیے جو دن رات ریاست مدینہ کی بات کرتا ہے اورہماری زندگی تنگ ہوگئی ہے ،ہمیں وہی چور اور لٹیرے واپس کردو ہمیں وہیں چاہئیں،عمران خان سیاستدان نہیں، سیاست کے خاردار میدان سے جب وہ جائیں گے تو واپس نہیں آئیں گے، عقل کا اندھا بھی جانتا ہے کہ عمران خان دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئے۔

Related Posts