اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں 21 بلز کی منظوری پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے قانون سازی کے اصولوں سے انحراف کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر ن لیگ اور قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں جس طرح بلز جلد بازی میں منظور کرائے گئے، اس کی مثال نہیں ملتی۔
قومی اسمبلی کی کارروائی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے جمہوری روایات اور قانون سازی کے اصولوں سے انحراف کیا جبکہ حکومت کی یہ کارروائی بد نیتی پر مبنی ہے۔
صدر ن لیگ شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمان کو من مانی سے چلانا کوئی مناسب طریقۂ کار نہیں ہے۔ حکومت نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں 20 بلز بلڈوز کیے۔ تحریکِ انصاف کی جلد بازی کی مثال نہیں ملتی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل قومی اسمبلی نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے بل سمیت دیگر 21 بلز ایک ہی روز منظور کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں درآمد کرنے سمیت 21 بلز منظور کیے۔ ڈپٹی اسپیکر نے قوانین کی منظوری کا اعلان کیا۔ اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیش کردی جسے معاونِ خصوصی شہباز گل نے نیا شوشہ قرار دے دیا۔
مزید پڑھیں: قومی اسمبلی میں سمندرپارپاکستانیوں کوووٹ کاحق دینے سمیت 21 بلز منظور