کراچی: ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ملک سے مہنگائی کے خاتمے پر وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا جس پر وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی شہباز گِل بھی خاموش نہ رہ سکے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے طنزیہ پیغام میں گزشتہ روز ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ عمران خان آپ کا شکریہ کہ آپ کی وفاقی حکومت نے ہر پاکستانی شہری کو گیس مہیا کی۔
پیغام میں ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ یہ بھی بتاتا چلوں کہ آج پاکستان میں کوئی شخص بے روزگار نہیں ہے۔ بے گھر لوگوں کو عمران خان نے سروں کی چھت مہیا کردی۔
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ملک سے مہنگائی کا خاتمہ کردیا جس پر میں ایک بار پھر وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
Thank u Imran Khan ! Ur Federal Govt has made #Gas available to every Pakistani. Also there are no jobless people in the country, homeless have been provided with homes & yes there is no inflation in Pakistan. Thank u once again Kaptaan
— Murtaza Wahab Siddiqui (@murtazawahab1) December 20, 2020
وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے پیغام پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک دن یہ سب ہوگا۔ ابھی ایسا نہیں ہے کیونکہ آپ کے چور لیڈر ابھی جیلوں میں نہیں بلکہ باہر ہیں۔
معاونِ خصوصی شہباز گِل نے کہا کہ ایک دن آئے گا جب آپ لوگوں سے چوری کا مال نکلوا کر یہ سب کچھ پاکستانی عوام کو میسر ہوگا اور پھران شاء اللہ تھرپارکر میں کوئی بھوکا نہیں مرے گا۔
جی ایک دن یہ سب ہو گا ابھی ایسا نہیں ہے کیوں کہ آپ کے چور لیڈران ابھی جیلوں میں نہیں باہر ہیں۔ انشاللہ ایک دن آئے گا جب آپ لوگوں سے چوری کا مال نکلوا کر یہ سب کچھ پاکستانی عوام کو میسر ہو گا۔ اور پھر تھرپارکر میں کوئی بھوکا نہیں مرے گا انشاللہ۔ https://t.co/jTskegE7A7
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) December 20, 2020
بات یہاں ختم نہیں ہوئی بلکہ ترجمان سندھ حکومت نے شہباز گل کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے یہ تو تسلیم کر لیا کہ آپ کے دور میں پاکستانی عوام کا آپ نے ستیا ناس کردیا ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ الحمد للہ تھر کے حالات بدل رہے ہیں لیکن جس طریقے سے آپ نے معیشت کو تباہ کرکے لوگوں کو اپنے لنگر خانوں میں آنے پر مجبور کیا، وہ ساری دنیا دیکھ رہی ہے۔
شکریہ آپ نے یہ تو تسلیم کرلیا کہ آپ کے دور میں پاکستان کی عوام کا آپ نے ستیا ناس کردیا ہے،الحمد لِلہ تھر کے حالات بدل رہے ہیں لیکن جس طریقے سے آپ نے اپنے لنگرخانوں میں لوگوں کو آنے پر مجبور کیا معیشت کو تباہ کرکے وہ ساری دنیا دیکھ رہی ہے۔ https://t.co/gKPlCVf4LW
— Murtaza Wahab Siddiqui (@murtazawahab1) December 20, 2020
یہ بھی پڑھیں: مہنگائی نے ملک میں ڈیرے ڈال لیے ہیں،سینیٹر سراج الحق