ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حضرت محمدؐ نے ایک فلاحی اور رفاہی ریاست قائم کی جسے آج یورپ اور پوری دنیا میں ویلفیئر اسٹیٹ کے نام سے پیش کیا جاتا ہے، موجودہ حکومت ریاست مدینہ کے حوالے سے ایسی ہی فلاحی ریاست کے لیے کوشاں ہے۔
ملتان میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا صوبائی وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک کی رہائش گاہ پر منعقدہ سیرتؐ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہناتھا کہ پاکستان کو بہت بڑے امتحان درپیش ہیں، ملک کو آزمائشوں کا سامنا ہے، میرااولین ایجنڈا ملک وملت اور اس وسیب کی خدمت ہے، حکومت کو ایک سال میں بین الاقوامی سطح پر بہت کامیابیاں ملی ہیں۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ میں اپنے عہدے کے حوالے سے پاکستان کے وقار کے لیے کوشاں ہوں،ایک سال میں بیرون ملک پاکستانیوں کی عزت و تکریم میں اضافہ ہوا ہے، امریکا ، کینیڈا ، یورپ ، امارات ،افریقہ اور سعودی عرب میں رہنے والے پاکستانی اس کے گواہ ہیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیارے نبیﷺ کو ہر صفت عروج کے اعلیٰ ترین درجے پر عطا ہوئی، حضوراکرم ﷺکی زندگی کے مختلف پہلووَں سے ہمیں رہنمائی تلاش کرنی ہے، آپؐ رہتی دنیا تک سب سے بڑے رسول ، قانون دان ،جرنیل ، حکمران اور سیاستدان ہیں۔
ان کاکہناتھا کہ حضرت محمدﷺ نے ایک فلاحی ریاست قائم کی، اسی نظام کوآج یورپ اورپوری دنیا میں ویلفیئراسٹیٹ کے نام سے پیش کیا جاتا ہے، حکومت ریاست مدینہ کے حوالے سے ایسی ہی فلاحی ریاست کے لیے کوشاں ہے۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ اور احساس پروگرام فلاحی ریاست کی طرف پیش قدمی ہے، 2019ء میری 63 سالہ زندگی کا سب سے افضل سال ہے ، اس سال مجھے دو مرتبہ خانہ کعبہ اور روضہ رسول کے اندر جانے کا موقع نصیب ہوا ، میں عمر کے اس حصے میں ہوں جہاں ذہنی اور قلبی طور پر انسان دنیاوی لالچ سے بلند ہو جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عدالتی فیصلہ سامنے رکھ کر جلد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے، شاہ محمودقریشی