کراچی میں سائبیریا کی ہواؤں کا راج ہے، شہریوں نے رضائیاں اور کمبل نکال لیے، محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ 2 روز میں سردی میں اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ چند روز سے سردی کی شدت میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق سائبیریا کی ہواؤں کے اثرات کے باعث سردی شدید ہوگئی ہے۔ رات بھر خنکی کے باعث آج صبح درجۂ حرارت 10سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت میں اضافہ
چینی شہری کراچی کی کٹی پہاڑی کی سیر کرنے پہنچ گیا
آج زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 24 سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ صبحِ صادق اور شام کے آغاز سے ہی شروع ہوجانے والی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت زیادہ محسوس ہونے لگی۔ شہریوں نے جیکٹس اور سویٹرز استعمال کرنا شروع کردئیے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ہوا میں نمی کا تناسب 56فیصد، مطلع جزوی طور پر ابر آلود جبکہ موسم حسبِ معمول سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ آئندہ 2 روز میں مسلسل چلنے والی ہواؤں کے باعث سردی کی شدت میں اضافے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی، راولپنڈی اسلام آباد اور لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا۔ شہرِ قائد کا کم از کم درجۂ حرارت 16 ڈگری سے کم ہو کر 13 ڈگری سینٹی گریڈ تک آگیا۔
آج سے 5 روز قبل بھی محکمۂ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک کے بیشتر شہروں میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سردی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں درجۂ حرارت نقطۂ انجماد (0 ڈگری سینٹی گریڈ) سے بھی نیچے گر گیا۔