اسلام آباد:سینیٹر رحمان ملک نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالنے میں مدد کی اپیل کی ہے۔
کورونا وائرس کیوجہ سے پاکستان اسوقت مالی مشکلات سے گزر رہا ہے‘پاکستان کی مالی مشکلات ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ میں شامل ہونے کیوجہ سے کئی گنا بڑھی ہیں۔
پاکستان کو دیگر روکاوٹوں سمیت طبی سامان و دیگر متعلقہ مواد کی درآمد میں رکاوٹوں کا سامنا ہے،پاکستان نے پہلے ہی ایف اے ٹی ایف کی ہدایات کی تعمیل میں متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔
سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کیلئے میں ایف اے ٹی ایف کے صدر کے نام خط لکھ چکا ہوں۔بحیثیت جنرل سیکرٹری اقوام متحدہ آپ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکالنے کی سفارش کرے۔
انسانی حقوق کی بنیادوں پر آپ براہ کرم ان مشکل لمحات میں پاکستان کی مدد کرے‘میرے ملک کو ایف اے ٹی ایف کے جانب سے امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اپنے تاریخی دورے کے موقع پر اسلام آباد میں آپ سے مل کر مجھے بہت خوشی ہوئی، میں افغان مہاجرین کے لئے آپ کی مخلصانہ خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔
سینیٹر رحمان ملک نے اقوم متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم سے بھی بات کی،منیر اکرم کو ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے کیلئے جنرل سیکرٹری یواین سے سفارش کروانے کا مشورہ دیا۔
سینیٹر رحمان ملک نے صدر ایف اے ٹی ایف سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔