اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے دوران کیمروں کی برآمدگی پر تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس منسوخ کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے دوران ایوانِ بالا سے کیمرے برآمد ہوئے جس پر سینیٹ سیکرٹریٹ نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی جسے کیمروں کی برآمدگی پر رپورٹ پیش کرنا تھی۔
بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے باعث تحقیقاتی کمیٹی کا آج کا اجلاس منسوخ کردیا گیا ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ نے ایوانِ بالا کے اراکین پر مشتمل 6 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جسے تحقیقات 1 ماہ میں مکمل کرنا تھیں۔
یاد رہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے قبل اپوزیشن ارکان نے سینیٹ ہال کے پولنگ بوتھ سے خفیہ کیمرے دریافت کرلئے، ایوان میں ہنگامہ آرائی ہوئی۔سینیٹ میں اپوزیشن نے احتجاج کیا جبکہ حکومتی ارکان نے خاموشی اختیار کر لی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹرمصطفیٰ نواز کھوکھرکا کہنا تھا کہ میں نے اورمصدق ملک نے پولنگ بوتھ پر لگے خفیہ کیمرے ڈھونڈ لیے۔پولنگ بوتھ کے اندر بھی کیمرا اور مائیکرو فون لگا ہے۔مصطفیٰ نواز کھوکھر نے خفیہ کیمرے کی تصویر بھی ٹویٹ کردی۔اپوزیشن ارکان نے گزشتہ ماہ پولنگ بوتھ اکھاڑ کر سیکریٹری سینیٹ کی نشست پر رکھ دیا۔
مزید پڑھیں: چیئرمین کا الیکشن، اپوزیشن نے سینیٹ ہال سے خفیہ کیمرے ڈھونڈ نکالے، ایوان میں ہنگامہ