کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایبٹ آباد کے سرکاری اسپتال میں کورونا وائرس کے باعث شہید ہونے والے ڈاکٹر فیصل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر فیصل شہید کورونا وباء کے شکار انسانوں کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فیصل بھی کنٹریکٹ بھرتی کئے گئے تھے اور ان ڈاکٹروں میں سے ایک تھے جو کئی مہینوں سے پی ٹی آئی حکومت سے تنخواہ ملنے کے منتظر تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے زیر کنٹرول صوبوں میں طبی عملے کی جانوں کو داؤ پر لگا دیا گیا ہے۔ مذکورہ صوبوں میں طبی عملے کو کورونا کے ساتھ ساتھ حکومت کی مجرمانہ پالیسی کا چیلنج بھی درپیش ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نااہل حکومت عوام دشمن پالیسیوں کے ذریعے کورونا وائرس کی نرسری بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ ساتھ طبی عملہ بھی حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث مشکلات کا شکار ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے ڈاکٹر فیصل کی شہادت پر ان کے خاندان سے یکجہتی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کی قربانیاں رائیگا نہیں جائیں گے۔ قوم ان کے جذبے اور کاوشوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گی۔