لاہور:پی ڈی ایم اتحاد کی جانب سے مینار پاکستان پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ یہ جعلی حکومت ایمپائر کی انگلی کی بدولت اقتدار میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو حق دلانے کیلئے کٹھ پتلی کے سہولت کاروں کو للکار رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم کشتیاں جلا کر میدان میں اترے ہیں۔ عوام کسی تحریک کا ساتھ دیں تو ظلم کی زنجیر ٹوٹ جاتی ہے۔ یقین دلاتا ہوں کہ عوام کی فتح کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔ ان حکمرانوں کے پاس گالم گلوچ اور جھوٹ کے سوائے ان کے دامن میں کچھ نہیں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج مجھے پنجاب کے دل لاہور میں خطاب کرکے بہت خوشی ہو رہی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی جماعت کی بنیاد اسی شہر سے رکھی تھی۔ آمرانہ دور میں لاہور کے نوجوانوں نے صعوبتیں برداشت کیں، شہادتیں دیں اور کوڑے کھائے۔ بی بی شہید نے آمریت کیخلاف اپنی تحریک بھی لاہور سے شروع کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ صوبوں کے حقوق کی بات کرتی ہے۔ پی پی پی پاکستان کے پسے ہوئے طبقات کی جماعت تھی، ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ ہم عوام کو حق دلانے کیلئے کٹھ پتلی کے سہولت کاروں کو للکار رہے ہیں۔
انہوں نے کہ ملک میں اس وقت تاریخی مہنگائی اور غربت ہے۔ آٹا اور چینی چور حکومت میں عوام کا چولہا بند ہے۔غریب آدمی سے جینے کا حق چھین لیا گیا ہے، جعلی حکمران عوام کا درد محسوس نہیں کرتے۔ یہ لوگ ایمپائر کی انگلی کے ذریعے اقتدار میں آئے۔ جعلی حکومت کو عوام کی بالکل فکر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ طالبعلم اپنا حق مانگیں تو ان کے خلاف پولیس گردی کی جاتی ہے، کسان اپنا حق مانگیں تو سرعام شہید کیا جاتا ہے۔ ظلم اور جبر کی رات ختم ہونے والی ہے۔ پیپلز پارٹی پسے ہوئے طبقات کی جماعت تھی اور رہے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم عوام کو حق حکمرانی واپس دلانا چاہتے ہیں۔ یہ جنگ اقتدار کیلئے نہیں بلکہ غریب عوام کو روٹی، کپڑا اور مکان دلانے کی جنگ ہے۔ یہ جنگ نوجوان اور مزدوروں سمیت سب کی جنگ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے سیاسی اختلافات بھلا کر پی ڈی ایم سٹیج پر اکٹھے ہیں۔ ہم کٹھ پتلی اور ان کے سہولت کاروں کو للکار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کریں گے اور حکمرانوں کو گھر بھیج کر دم لیں گے۔