کراچی : سندھ اسمبلی میں آج ہونیوالے بجٹ اجلاس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے اسمبلی کے اطراف سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
اسمبلی کی طرف جانیوالے راستوں کو رکاوٹیں لگاکر بند کردیا گیا ہے اور غیر متعلقہ افراد کو اسمبلی کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی جارہی اور سیکورٹی اہلکاروں کو داخلی اور خارجی راستوں پر مستعد رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے اسمبلی کے قریب کھڑی گاڑیوں کو اٹھایا جارہا ہے، سندھ اسمبلی کے اطراف سخت سیکورٹی انتظامات کی وجہ سے میڈیا کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج صوبے کا تیسرا بجٹ پیش کرنے والے ہیں اور اس دوران اسمبلی کے باہر کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی میں الہ دین پارک اور بلاک 14 بلاک 15 ایف بی ایریا میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیلئے مشینری اور عملہ پہنچنے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوچکی ہے جس کی وجہ سے سندھ اسمبلی کے باہر صورتحال کشیدہ ہونے کا خدشہ ہے جس کے باعث سیکورٹی اداروں کو مستعد رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔