کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے ہلمرگ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایف سی کا 1 جوان شہید ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ہلمرگ میں آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے بہادر سپاہی فدا الرحمان نے جامِ شہادت نوش کر لیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپاہی فداالرحمان چترال کے علاقے مستوج سے تعلق رکھتے تھے۔ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد شہریوں اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ سیکیورٹی فورسز وطن کے تحفظ کیلئے پر عزم ہیں۔ ملک کے وقار کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی کے علاقے کورنگی میں محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کر لیا۔
کاؤنٹر ٹیرراِزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر اور سابق یونٹ انچارج صغیر احمد صدیقی کو گرفتار کرلیا جو پولیس موبائل پر حملوں میں ملوث تھا۔
مزید پڑھیں: سی ٹی ڈی کی چھاپہ مار کارروائی، ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار