اسلام آباد :تھانہ ترنول کی حدود میں قبضہ مافیا سرگرم عمل غریب لوگوں کی زمینوں اسلحے کے زور پر قبضہ ہونے لگے، پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ،متاثرہ شہری نے مدد کی اپیل کردی۔
اسلام آباد کے تھانہ ترنول کی حدود سرائے خربوزہ کے رہائشی عمران خان نے بتایا کہ خسرہ جات 904۔ 915 سورہ واقعہ ڈھوک کشمیریاں داخلی سرائے خربوزہ (گولڑہ کالونی) کا مالک ہوں ،میں نے تعمیرات کی غرض سے بنیادوں کی کھدائی شروع کرائی تو اسی دوران تقریباً دن گیارہ بجے قبضہ مافیا کے لوگ جن میں غضنفر خان اس کا بیٹا فیضان خان اور قمر خان مسلح کلاشنکوف جب کہ شیری خان اور دیگر چند اشخاص اسلحے سے لیس اس کے ہمراہ میری زمین پر پہنچ گئے اور آتے ہی گالیاں دیناشروع کر دیں۔
شیری خان نے کلاشنکوف میری طرف تان کر کہا کہ آج تمہیں زندہ نہیں چھوڑیں گے اور مجھے زدوکوب کیا، دھکے دیئے، میرے کپڑے پھٹ گئے جبکہ شیری خان نے پستول لہراتے ہوئے گالیاں دے کر دوبارہ کام رکروایا ۔
انہوں نے بتایا کہ یہ تمام لوگ علاقے کے قبضہ مافیا ہیں اور میری زمین پر قبضہ کرنے آئے تھے ،یہ قبضہ مافیا کا منظم گروہ ہے جو غریب غرباء کو ڈرا دھمکا کر ان کی زمینوں پر قبضہ کرتے ہیں ،یہ تمام کارروائی اس قبضہ گروہ کے سرغنہ حاجی محمد اعظم خان کے ایما پر کی گئی ہے ۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ میں نے اسی وقت پولیس اسٹیشن میں جا کر قبضہ گروہ کے ملزمان کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست دے دی تھی مقدمہ تو درج ہوگیا لیکن پولیس ان بااثر ملزمان کو گرفتار نہ کرسکی ۔
ان کا کہنا ہے کہ پچھلے دنوں آئی جی اسلام آباد کے نوٹس لینے کے باوجود بھی پولیس کے روئیے میں کوئی بدلاؤ نہیں آیا، میں چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سے اپیل کرتا ہوں کہ میری اس قبضہ مافیا سے جان چھڑائیں۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد میں جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنانے کیلئے ایل او پیز جاری کیئے جانے انکشاف