کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے یکم اور دو مارچ کو بارش کی اطلاعات کے پیش نظر سندھ حکومت نے جمعہ کو اسکولوں میں شام کی شفٹ کی چھٹی کا اعلان کردیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے اس سے قبل جمعہ کے روز دفاتر میں ہاف ڈے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہریوں کو جمعہ کو جلدی گھروں کو لوٹنے کی اپیل کی تھی۔
واضح رہے کہ بلوچستان کا علاقہ ان دنوں شدید بارشوں کی لپیٹ میں ہے، گوادر میں شدید بارشوں کی وجہ سے انتظامیہ کو امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی یکم اور دو مارچ کو بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کی وجہ سے کراچی میں رین ایمرجنسی لگادی گئی ہے۔
شہری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران ممکنہ مشکلات سے نمٹنے کیلئے تمام تر تیاریوں پوری کرلی گئی ہیں۔ اس حوالے سے کے ایم سی کی جانب سے رین ڈیسک بھی قائم کردیا گیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے جمعہ کے روز چھٹی کے اعلان کی وجہ سے سندھ میں اسکول تین روز بند رہیں گے اور بچے بارش کے ساتھ ساتھ 3 چھٹیوں کا بھی لطف اٹھائینگے۔