ایک نایاب موسمی مظہر کے تحت سعودی عرب کے کچھ علاقوں میں تاریخ میں پہلی بار شدید برفباری اور بارش ہوئی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق الجوف کے علاقے نے ایک حسین منظر پیش کیا، جہاں پہاڑ برف کی سفید چادر سے ڈھک گئے اور وادیوں میں بننے والے آبشاروں نے علاقے کو ایک نئی زندگی بخشی۔
یہ بارشیں علاقے میں زندگی کی رونقیں بحال کرنے کا باعث بنی ہیں اور مشہور بہار کے موسم کی راہ ہموار کر دی ہے، جس کے لیے الجوف جانا جاتا ہے۔
یہ علاقہ اپنے خوبصورت جنگلی پھولوں، جیسے لیوینڈر، کرسینتھیمم اور مختلف خوشبودار پودوں کی بہار کے دوران خوبصورتی سے بھرپور ہوتا ہے۔
سعودی محکمہ موسمیات نے کئی علاقوں، بشمول الجوف، القریات، اور تبرجل کے لیے انتباہات جاری کیے ہیں اور مکینوں کو شدید بارش، تیز ہواؤں، اولوں اور اچانک سیلاب کے خدشات کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
تیز ہواؤں کے بھی ان طوفانوں کے ساتھ آنے کی توقع ہے، جس کی وجہ سے حکام نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی ہے۔
یہ غیر معمولی موسمی صورتحال صرف سعودی عرب تک محدود نہیں ہے، بلکہ پڑوسی متحدہ عرب امارات میں بھی اسی طرح کے موسمی حالات دیکھے جا رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے قومی مرکز برائے موسمیات نے ان تبدیلیوں کی وجہ کو بحرِ عرب سے عمان کی جانب بڑھنے والے کم دباؤ کے نظام کو قرار دیا ہے۔