ریاض: سعودی عرب میں وزارت صحت نے حاملہ خواتین کو بھی کورونا ویکسین لگوانے کی اجازت دے دی ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں سعودی وزارت صحت نے خصوصی سائنس کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر حاملہ خواتین کو بھی کورونا ویکسین لگانے کی اجازت دےدی گئی ہے۔
اس حوالے سے سعودی وزارتِ صحت نے اعلان کیا ہے کہ حاملہ خواتین بھی کورونا ویکسین لگوانے کے لیے خود کو رجسٹرڈ کروا سکتی ہیں کیوں کہ ٹرائل میں فائزر کی کورونا ویکسین کا حمل میں بے ضرر ہونا ثابت ہوگیا ہے۔
گزشتہ ہفتے متحدہ عرب امارات نے بھی ایسی خواتین جو بچوں کو دودھ پلا رہی ہیں کو بھی فائزر کی کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ ایسی خواتین جو حاملہ ہونے کے لیے علاج کروا رہی ہیں انہیں بھی ویکسین لگانے کا عندیہ دیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے حاملہ خواتین کو کورونا ویکسین لگانے سے اجتناب برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، یہ ہدایت پاکستان میں دستیاب چین اور روس کی کورونا ویکسینز ’’سائینو فارم، کین سائینو بائیو، سائنو ویک اور اسپوتنک وی‘‘ سے متعلق ہے کیوں کہ ان ویکسنز کے حاملہ خواتین پر تجربات نہیں کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ابتدا میں کورونا ویکسین کے ٹرائل حاملہ خواتین پر نہیں ہوئے تھے اس لیے دوران حمل ویکسین لگانے کی سفارش نہیں کی گئی تھی تاہم اب فائزر اور میڈورنا نے حاملہ خواتین پر ٹرائل بھی مکمل کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بھارتی مسلم نوجوان نے آکسیجن سلنڈر کی مفت فراہمی کے لیے قیمتی گاڑی بیچ دی