اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پناہ گاہوں کا مقصد غریب طبقے کے وقار کو مجروح ہونے سے بچانا ہے، پناہ گاہوں کا سیاست سے نہیں، اللہ کی مخلوق کی خدمت سے تعلق ہے، جن پناہ گاہوں پر لوگوں کا رش ہے ان پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے ملاقات کی،وزیراعظم کو پناہ گاہوں کی صورتحال اور بہتری کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میں ہونیوالی ملاقات میں معاون خصوصی ثانیہ نشتر کے علاوہ ایم ڈی بیت المال، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ افسران کی بھی شرکت ہوئے۔
وزیراعظم کو پناہ گاہوں کی صورتحال اور بہتری کے منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی ثانیہ نشتر نے بتایا کہ موجودہ پناہ گاہوں میں سہولتوں کی فراہمی میں بہتری لائی جائے گی، پناہ گاہوں کے ساتھ احساس ون ونڈو سینٹر بھی کھولے جائیں گے،منصوبے پر 3مراحل میں عملدرآمد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل حکومت اور احساس کے تین سال مکمل ہونے پر سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت نے ویڈیو پیغام جاری کیا۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ احساس ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اور عالمی سطح پر ایک جامع سماجی تحفظ کا پروگرام ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہماری حکومت نے پچھلی حکومتوں کے برعکس سماجی تحفظ کا بجٹ دگنا کردیا ہے۔احساس نے پچھلے تین سالوں میں سارا بجٹ استعمال کیا۔ کورونا وبا کے باوجود ملک گیر احساس سروے مکمل ہوا ہے جو کہ گزشتہ دس سال سے تاخیر کا شکار تھا۔
مزید پڑھیں:عالمی برادری افغان عوام سے غیر مشروط بنیادوں پر تعاون کرے۔شاہ محمود قریشی