پاکستانی اداکارہ ارجمند رحیم نے کہا ہے کہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی مہمان نوازی زبردست ہے جس نے میرا دل جیت لیا۔
تفصیلات کے مطابق شوبز انڈسٹری کی 47 سالہ اداکارہ نے ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں رقص کا ایک کورس کرنے کیلئے بھارت گئی اور پھر ایکٹنگ کا بھی کورس کیا کیونکہ میں اداکاری کو مزید سمجھنا چاہتی تھی۔
گفتگو کے دوران اداکارہ ارجمند رحیم نے کہا کہ میں پاکستان واپس آنے لگی لیکن میں کچھ دیر بھارت میں بھی گزارنا چاہتی تھی، جو ہمسایہ ملک میں مزید 6 ماہ گزارنے کا سبب بن گیا۔ ارجمند نے یہ بھی بتایا کہ وہ ایک بار سلمان خان کے ساتھ ڈنر کرچکی ہیں۔
ڈنر کے حوالے سے اداکارہ ارجمند رحیم نے کہا کہ میں سلمان خان کو بے حد مہمان نواز سمجھتی ہوں کیونکہ میں ان کی اداکاری کی مداح نہیں لیکن اپنی مہمان نوازی سے سلمان خان نے دل جیت لیا۔ سلو میاں کے علاوہ ارجمند نے جیکی شروف کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ میں دہلی میں اکیلی تھی اور ایک بار اپنا اپارٹمنٹ بھول گئی تو جیکی شروف نے میری مدد کی۔ بھارت میں میرا وقت بہت اچھا گزرا۔ سن 2000ء کی دہائی میں امتیاز علی اور انوراگ کشف دوست تھے اور ہم تینوں چائے ساتھ پیتے تھے۔
ارجمند رحیم پاکستانی ٹی وی چینلز پر نظر آنے والی معروف اداکارہ، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر ہیں جو مختلف چینلز کے ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کے جوہر دکھا کر عوام سے داد وصول کرچکی ہیں۔ سنو چندا 2 میں ان کا کردار پری بے حد پسند کیا گیا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل بالی ووڈ فلموں کی دبنگ سیریز کا کارٹون ورژن تیار کر لیا گیا جسے دیکھنے کی دعوت دیتے ہوئے سلمان خان نے مداحوں سے کہا کہ چلبل پانڈے کا استقبال کریں۔
چلبل پانڈے دبنگ سیریز کا مرکزی کردار ہے جسے سلمان خان نے ہیرو کے روپ میں نبھایا اور سیریز کی ہر نئی فلم میں نئی کہانی کے ساتھ مداحوں نے اسے خوب سراہا۔ دبنگ سیریز کا کارٹون ورژن گزشتہ ماہ پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں: دبنگ سیریز کا کارٹون ورژن تیار، چلبل پانڈے کا استقبال کریں۔سلمان خان