لندن: برطانیہ کے وزیرِ صحت میٹ ہین کاک مستعفی ہوگئے جن کی جگہ پاکستانی نژاد ساجد جاوید کو برطانیہ کا نیا وزیرِ صحت مقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیرِ صحت کی اپنی معاون کے ساتھ قابلِ اعتراض ویڈیو منظرِ عام پر آنے کے بعد میٹ ہین کاک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
معاون کے ساتھ خفیہ مراسم وزارتِ صحت کا عہدہ لے ڈوبے۔ قبل ازیں ساجد جاوید برطانیہ کے وزیرِ خزانہ بھی رہ چکے ہیں جنہیں وزارتِ صحت کا قلمدان سونپ دیا گیا۔
قبل ازیں پاکستانی نژاد برطانوی سیاست دان صادق خان مخالف امیدوار کو ہرا کر ایک بار پھر لندن کے میئر منتخب ہو گئے۔ انہوں نے کنزرویٹو پارٹی کے شان بیلی کو فیصلہ کن شکست دی تھی۔
صادق خان نے گزشتہ ماہ پاپولر ووٹ کا 55 اعشاریہ 2 فیصد اپنے نام کیا۔ لیبر پارٹی کے امیدوار نے 1 لاکھ 92 ہزار 313 ثانوی ترجیحی ووٹ حاصل کیے جبکہ مخالف امیدوار نے 84 ہزار 550 ووٹ لیے۔
مزید پڑھیں: صادق خان مخالف امیدوار کو شکست دے کر ایک بار پھر لندن کے میئر منتخب
برطانیہ کے علاوہ امریکا میں بھی پاکستانی نژاد شہری وطن کا نام روشن کرنے میں مصروف ہیں۔ جو بائیڈن حکومت نے بھی پاکستانی نژاد امریکی شہریوں کو اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل امریکا کے نومنتخب صدر جو بائیڈن نے علی زیدی کے بعد ایک اور پاکستانی نژاد امریکی شہری سلمان احمد کو خارجہ پالیسی سے متعلق امریکی کابینہ کی بنائی ہوئی ٹیم کا حصہ بنا لیا۔
اس حوالے سے رواں برس جنوری کے دوران جو بائیڈن انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سلمان احمد اوباما نیشنل سیکیورٹی کونسل میں اسٹرٹیجک پلاننگ کے سربراہ کے طور پر پہلے بھی امریکی حکومت کا حصہ رہ چکے ہیں۔
مزید پڑھیں: جو بائیڈن نے پاکستانی نژاد امریکی سلمان احمد کو بھی ٹیم میں شامل کر لیا