پاکستان کے تین کرکٹرز صائم ایوب، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی مینز ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم آف دی ایئر 2024 میں جگہ بنا لی۔
آئی سی سی کی منتخب کردہ 11 رکنی ٹیم میں مختلف ممالک کے کھلاڑی شامل ہیں، جن میں سری لنکا کا غلبہ ہے جبکہ پاکستان، افغانستان اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ سری لنکا کے چریث اسالنکا کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
نومبر میں ون ڈے ڈیبیو کرنے والے بائیں ہاتھ کے بیٹر صائم ایوب 2024 کے نمایاں کھلاڑیوں میں شامل رہے۔ انہوں نے 9 میچز میں 64.37 کی شاندار اوسط کے ساتھ 515 رنز بنائے۔ ان میں تین سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔
راکھی ساونت کا پاکستان آنے کا اعلان، ہانیہ عامر سے ملاقات کی خواہش
زمبابوے اور جنوبی افریقہ میں صائم کی کارکردگی قابل ذکر رہی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف حالیہ سیریز میں انہوں نے تین میچز میں دو سنچریاں اسکور کیں اور 78.3 کی اوسط برقرار رکھی۔
شاہین شاہ آفریدی نے بھی 2024 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں 15 وکٹیں حاصل کیں، جن میں ان کی بہترین کارکردگی 4/47 رہی۔
آئی سی سی نے شاہین آفریدی کے شاندار اسٹرائیک ریٹ اور تسلسل کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کے بہترین بولرز میں سے ایک ہیں۔ اگرچہ انہوں نے صرف 6 ون ڈے میچز کھیلے مگر اپنی تیز گیند بازی سے کھیل کا رخ بدلنے کی صلاحیت نے انہیں اس فہرست میں جگہ دلائی۔
حارث رؤف بھی پاکستان کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔ انہوں نے گزشتہ سال 8 میچز میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین کارکردگی 5/29 رہی اور آسٹریلیا میں پاکستان کی سیریز فتح میں انہوں نے کلیدی کردار ادا کیا۔ ایڈیلیڈ میں ان کی پانچ وکٹوں کی کارکردگی سال کی یادگار پرفارمنس میں شامل ہے۔