کراچی: پیپلز پارٹی کے وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے سرکاری افسران کی کھلی کچہری میں غیر حاضری پر ایکشن لیتے ہوئے تمام غیر حاضر افسران کو معطل کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرگزشتہ روز وزارتِ تعلیم ومحنت سندھ کی طرف سے بتایا گیا کہ وزیر تعلیم سعید غنی سرکاری افسران کی کھلی کچہری میں غیر حاضری پر شدید برہم ہوئے اور اس بات پر ایکشن بھی لیا۔
اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ محکمہ محنت اور محکمۂ تعلیم کے جو بھی افسران اِس کھلی کچہری میں موجود نہیں، ان تمام کو معطل کرتا ہوں۔
سرکاری افسران کی کھلی کچہری میں غیر حاضری پر وزیر تعلیم و محنت سندھ @SaeedGhani1 سعید غنی شدید برہم
محکمہ محنت اور تعلیم کے جو بھی افسران اس کھلی کچہری میں موجود نہیں ہیں ان تمام کو معطل کرتا ہوں. سعید غنی pic.twitter.com/kfFz84jifp
— Minister Local Govt, PHE & RDD Sindh. (@MinisterSindh) February 22, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر تعلیم سندھ سعید غنی شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں قائم تعلیمی اداروں کے طوفانی دوروں پر نکلے جن کے دوران تعلیمی اداروں کی کارکردگی پر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے۔
سب سے پہلے 11 روز قبل وزیر تعلیم سندھ سعید غنی قائد آباد میں قائم گورنمنٹ گرلز ڈگری آرٹس اینڈ کامرس کالج پہنچے جہاں اچانک آمد پر کالج انتظامیہ پریشان نظر آئی۔
قائد آباد کے گرلز ڈگری کالج میں نان ٹیچنگ اسٹاف کے علاوہ کوئی بھی استاد موجود نہیں تھا۔ سعید غنی نے کالج میں اسمبلی، اساتذہ کی حاضریوں اور دیگر کے حوالے سے اسٹاف سے بازپرس کی۔
مزید پڑھیں: سعید غنی کے کراچی کے تعلیمی اداروں کے طوفانی دورے