کراچی: وزیرِ تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے ملیر میں جاری ترقیاتی اسکیمز کی سست رفتاری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو افسران کام میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کرتے، ان کی میرے محکمے میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے محکمۂ تعلیم سندھ کراچی ریجن میں جاری ترقیاتی اسکیمز کے اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو، سیکریٹری کالجز خالد حیدر شاہ، اسپیشل سیکریٹری آصف میمن، چیف انجینئر کراچی و دیگر حکام شریک ہوئے۔
دورانِ اجلاس چیف انجینئر کراچی نے سعید غنی کو جاری ترقیاتی اسکیمز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ضلع ملیر میں ترقیاتی اسکیمز کے کاموں میں سست رفتاری کی رپورٹ ملنے پر سعید غنی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری کالجز نے خود گراؤنڈ پر جا کر اسکیمز کا دورہ کیا ہے اور کاموں کی رفتار کافی سست ہے۔
صوبائی وزیرِ تعلیم و محنت نے کہا کہ ایسی لاپرواہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ غیر معمولی اقدامات کرکے ان کاموں کو جلد مکمل کیا جائے۔ جو افسران کام کرنے میں سنجیدہ نہیں، ان کی میرے ڈپارٹمنٹ میں کوئی جگہ نہیں۔ جلد از جلد ملیر کی تمام جاری ترقیاتی اسکیمز مکمل کی جائیں۔
وزیرِ تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ متعلقہ محکمے میں افسران کی کوتاہی اور عدم دلچسپی کے باعث ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہوتے ہیں جس سے ان کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے۔ یہ حکومت سے زیادہ عوام کا نقصان ہے اور یہ عمل ناقابلِ برداشت ہے۔ افسران منصوبوں کو جلد مکمل کریں۔
یہ بھی پڑھیں: سابق وزیرِ خزانہ حفیظ شیخ کا کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا