خالد مقبول صدیقی کو کابینہ سے علیحدگی کا فیصلہ بہت پہلے کرلینا چاہئے تھا، سعید غنی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

saeed ghani

کراچی : وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے اتوار کے روز متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء خالد مقبول صدیقی کے وفاقی کابینہ سے استعفیٰ دینے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں یہ فیصلہ بہت پہلے کرلینا چاہئے تھا۔

سعید غنی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے نہ صرف عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا بلکہ انہوں نے اپنے اتحادیوں سے کئے گئے وعدوں کو بھی بھلا دیا۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے کہنے پر وفاقی کابینہ کو نہیں چھوڑا بلکہ یہ ان کا اپنا فیصلہ تھا۔

انہوں نے کہا یہ فیصلہ خود متحدہ قومی موومنٹ نے ہی کرنا ہے ، کہ وہ سندھ حکومت کا حصہ بننا چاہتے ہیں کہ نہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری یہ بات باربار کہتے رہے ہیں کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کئے گئے اپنے وعدوں میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے لئے مختص کئے گئے 162 ارب روپے میں سے ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے لوگوں کو مہنگائی اور بیروزگاری کے سواءکچھ نہیں دیا۔

سعید غنی نے کہا کہ جب تک پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائم رہے گی ، تب تک کسی اچھے کام یا خوشخبری کی امید رکھنا بے کار ہے۔

دریں اثناءشہید ذوالفقار علی بھٹو کی 92 ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقد ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اطلاعات و محنت سعید غنی نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک شخصیت کا نہیں بلکہ ایک تحریک اور نظریہ کا نام ہے۔

سعید غنی کاکہنا تھا کہ یہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو کا کارنامہ تھا کہ جنہوں نے اس ملک کو حقیقی جمہوریت اور ایک متفقہ آئین دیا۔

مزید پڑھیں:بھارتی خاتون نے بچوں کی بھوک مٹانے کیلئے 150 روپے میں سر کے بال بیچ دیئے

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہید ذوالفقا رعلی بھٹو کو بے شک شہید کردیا گیا لیکن وہ اس ملک کے ہر غریب اور عام انسان کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا جرم صرف یہ تھا کہ انہوں نے سامراجی قوتوں کو للکارا ۔ سعید غنی نے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے اپنی زندگی عوام میں ناامیدی، غربت اور محرومی ختم کرنے کے لئے وقف کردی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آج پہلے سے بھی زیادہ اس بات کی ضرورت ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نقش قدم پر چل کر ملک میں جمہوریت کو مضبوط کیا جائے۔

بعد ازاں صوبائی وزیر اطلاعات سعید غنی نے پارٹی کے دیگر رہنماو ں اور جیالوں کے ہمراہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 92سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔

Related Posts