کراچی: ذی الحج کا چاند دیکھنے کیلئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرِ صدارت مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جس میں عیدالاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق آج مولانا عبدالخبیر آزاد رویتِ ہلال کمیٹی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آگیا ہے، یکم ذی الحج آج یعنی 19 جون کے روز پیر کے روز ہے۔
نومنتخب میئر کراچی آج عہدے کا حلف اٹھائیں گے
چاند نظر آجانے کے بعد یومِ عرفہ اور عیدا لاضحیٰ کی تاریخوں کا اعلان بھی کردیا گیا۔ سعودی عرب میں یومِ عرفہ 27 جون جبکہ عید الاضحیٰ 28 جون کو ہوگی۔ گزشتہ روز پاکستان میں بھی رویتِ ہلال کمیٹی نے اعلامیہ جاری کردیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس پیر کو طلب کیا گیا ہے جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ اجلاس میں متعلقہ وزارتوں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے اجلاس میں وزارتِ مذہبی امور، سپارکو، محکمۂ موسمیات اور وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے عہدیداران شریک ہوں گے۔ رویتِ ہلال کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس آج متعلقہ شہروں میں ہوں گے۔
قبل ازیں ماہرینِ فلکیات و موسمیات عیدالاضحیٰ رواں ماہ 29 جون کے روز جمعرات کے دن ہونے کی پیشگوئی کرچکے ہیں، تاہم عید کا حتمی فیصلہ آج مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے اجلاس میں سامنے آئے گا۔