ذیقعد کا اسلامی مہینہ ختم ہونے کو ہے اور عیدالاضحیٰ کی آمد آمد ہے، ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ذوالحج کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس کل 10 جولائی کے روز کراچی میں ہوگا جس کے بعد عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان ہوگا۔
چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیرِ صدارت اجلاس میں علامہ محمد حسین اکبر، ڈاکٹر راغب نعیمی اور محکمۂ موسمیات کے نمائندے شرکت کریں گے۔
مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے کل کے اجلاس میں ذوالحج کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کیا جائے گا۔ اس حوالے سے زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں سے شہادتیں بھی وصول کی جائینگی۔
شہادتوں کی وصولی کے بعد مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان کریں گے جو رواں ماہ 20 یا 21جولائی کو متوقع ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی کہ پاکستان میں عید الاضحٰی 21جولائی کو ہونے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے 3 روز قبل عیدالاضحیٰ کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ ذو الحج 1442 کے نئے چاند کی پیدائش 10 جولائی کو پاکستانی وقت کے مطابق 6 بج کر 18 منٹ پر ہوگی۔
پیشگوئی کے مطابق 29 ذیقعد یعنی 10 جولائی بروز ہفتہ کو چاند نظر آنے کا امکان نہیں ہے جبکہ یکم ذو الحج 12 جولائی 2021 کو ہوسکتی ہے۔اس اعتبار سے قربانی کی عید 21 جولائی کے روز متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں عید الاضحیٰ 21 جولائی کو ہونے کا امکان،محکمۂ موسمیات