لڑکے اور لڑکی پر تشدد کا معاملہ، عثمان مرزا کیس کو مثال بنا دیا جائے۔وزیراعظم کا حکم

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لڑکے اور لڑکی پر تشدد کا معاملہ، عثمان مرزا کیس کو مثال بنا دیا جائے۔وزیراعظم کا حکم

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے لڑکی اور لڑکے پر تشدد کی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ عثمان مرزا کیس کو دیگر مجرموں کیلئے مثال بنا دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق حال ہی میں عثمان مرزا نامی ملزم نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر ایک لڑکی اور لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔

پولیس نے مرکزی ملزم عثمان مرزا اور دیگرملزمان کو حراست میں لے لیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تمام ملزمان کو جلد از جلد کیفرِ کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی تمام تر تفصیلات طلب کر لیں۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں لڑکی اور لڑکے پر تشدد کے واقعے میں اہم پیشرفت بھی سامنے آئی ہے۔

شہرِ اقتدار کی پولیس متاثرین کو کیس کا حصہ بنانے میں کامیاب ہوگئی۔ لڑکا اور لڑکی نے پولیس کو اپنے اپنے بیانات ریکارڈ کرادئیے ہیں۔ متاثرین مکمل تحفظ اور قانونی مدد کی یقین دہانی پر راضی ہوئے۔

متاثرہ لڑکے نے بیان دیا ہے کہ مجھے اور میری دوست کو زبردستی کمرے میں لے کر گئے، مجھ پر تشدد کیا گیا جبکہ میری دوست کو برہنہ کرکے زیادتی کی گئی۔ ہم دونوں کو کئی ماہ تک دھمکیاں دی جاتی رہیں۔

ایس ایس پی انوسٹی گیشن عطاء الرحمان اور ایس پی آمنہ نے متاثرہ لڑکی اور لڑکے سے ملاقات کی اور دونوں کو بیان دینے پر راضی کیا گیا۔ دونوں متاثرین کے بیانات کو تفتیش کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

کیس میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ پولیس کا وزیر اعظم کے نوٹس کے بعد کہنا ہے کہ عثمان مرزا کیس میں جلد مزید پیشرفت سامنے آئے گی۔ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

بعد ازاں وزیرِ اعظم عمران خان کی آئی جی اسلام آباد سے ملاقات ہوئی جس کے دوران انہوں نے وزیرِ اعظم کو ای الیون 2 میں جوڑے کی جنسی ہراسگی اور حبسِ بے جا کے واقعے پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔

آئی جی اسلام آباد ملزمان کی گرفتاری کے بعد مضبوط فوجداری کارروائی اور قرار واقعی سزا دلانے کیلئے خود اس کیس کی نگرانی کررہے ہیں۔ شواہد اکٹھے کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں لڑکی اور لڑکے کو برہنہ کرکے تشدد، ملزمان گرفتار

Related Posts