کراچی:وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بارش کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انہوں نے نالوں اور دیگر متعلقہ اخراجات کی صفائی کیلئے 463 ملین روپے جاری کر دیئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 17 جولائی 2020 کو سالڈ ویسٹ ایمرجنسی اینڈ ایفیسیسی پروگرام (ایس ڈبلیو ای ای پی) کے تحت کراچی بھر میں اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے اختیار میں رکھی گئی،مون سون کے خطرات کو کم کرنے کے لئے ہنگامی کارروائیوں کے لئے خصوصی گرانٹ ان ایڈ کے تحت 200 ملین روپے کی رقم جاری کی گئی تھی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ 2 جولائی 2020 کو صوبہ کے مختلف اضلاع میں نالوں کی صفائی اور مون سون کی تیاری کے لئے مزید 229 ملین روپے جاری کردیئے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 229 ملین روپے میں سے کوڑا اور ملبہ اٹھانے کیلئے کمشنر کراچی کو 30 ملین روپے، کمشنر حیدرآباد کو 70 روپے، کمشنر لاڑکانہ کو 20 ملین، کمشنر میرپورخاص کو 31 ملین، کمشنر شہید بینظیر آباد کو 38 ملین، 40 ملین روپے کمشنر سکھر اور سعدی ٹاؤن / مہران نالے کی صفائی / ڈی سلٹنگ کے لئے 4 ملین روپے دیئے گئے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچھ ”ذمہ دار” افراد کے ذریعے یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ فنڈز جاری نہیں کیے گئے ہیں یہ سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں۔ ہم بارش کی ہنگامی صورتحال، نالوں کی صفائی اور اس طرح کے دیگر کاموں کیلئے شہر میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی بینک کے منصوبوں کے تحت ان نالوں کو درست کیا جائے گا، ان کی پشتوں کو بہتر بنایا جائے گا اور بارش کے پانی کے آسانی سے بہاؤ کیلئے تمام گھٹن والے مقامات اور رکاوٹوں کی مرمت کی جائے گی۔