کراچی میں گزشتہ روز کی بارش کا پانی تاحال سڑکوں پر موجود ہے، سڑکیں، گلیاں اور رہائشی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ شہری انتظامیہ سڑکوں سے پانی تاحال نہ نکال سکی جو ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان، مشیرِ قانون سندھ اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات گئے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا جن میں ایم اے جناح روڈ اور کے ایم سی ہیڈ آفس شامل ہیں۔
واضح رہے کہ مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث سڑکوں پر پانی کھڑا ہوگیا۔ خاص طور پر لانڈھی کورنگی، ڈیفنس اور قیوم آباد کے بس اسٹاپس پر پانی جمع ہونے کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کے دورے کے موقعے پر کے ایم سی اور دیگر متعلقہ محکموں کا عملہ سڑکوں پر فعال نظر آیا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہری انتظامیہ کے عملے کو نشیبی علاقوں سے نکاسئ آب کی ہدایت دی۔
حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ کے ایم سی ہیڈ آفس کے اطراف میں واٹر پمپنگ مشینیں نصب کی گئی ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے نکاسئ آب پر توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بارش تھمنے کے بعد کہیں پانی جمع نہ ہونے پائے۔
گزشتہ شب ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کھارادر اور وزیر مینشن پہنچ کر بھی نکاسئ آب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہر میں پانی جمع ہونے کے حوالے سے صورتحال قابو میں ہے۔