Friday, March 29, 2024

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، گاڑی میں ایندھن کی بچت کیسے کی جاسکتی ہے؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاکستان میں اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں اور اس وقت ریکارڈ سطح پر موجود ہیں۔

حکومت پاکستان نے بدھ کی شب ایک مرتبہ پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ ملک میں اب فی لیٹر پیٹرول کی قیمت لگ بھگ 24 روپے کے اضافے کے بعد 233 روپے ہو چکی ہے۔

ایک ایسے وقت میں جب مہنگائی میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے اور تنخواہ وہیں کی وہیں ہو ایسے میں عوام کیلئے پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتیں کسی سر درد سے کم نہیں ہیں۔ اسی لئے آج کچھ ایسے عوامل کا ذکر کیا جائے گا، جن کی مدد سے گاڑی میں ایندھن کی کافی حد تک بچت کی جاسکتی ہے۔

گاڑی کی رفتار کو آہستہ سے تیز کریں

ماہرین کے مطابق اگر آپ اپنی گاڑی میں ایندھن کی بچت کرنا چاہتے ہیں تو گاڑی کی رفتار کو کبھی بھی ایک دم نہ بڑھائیں بلکہ آہستہ آہستہ اُس کی رفتار کو بڑھائیں، جب بھی رفتار کو بڑھانا ہو توکم از کم 5 سیکنڈ کا وقفہ لیں اُس کے بعد رفتار میں اضافہ کریں۔

گاڑی کی رفتار کو مستحکم رکھیں

تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ گاڑی کی رفتار میں مسلسل تبدیلی سے گاڑی کا ایندھن زیادہ خرچ ہوتا ہے، سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ اگر ڈرائیور ہر 1 گھنٹے میں گاڑی کی رفتار کو 75 سے 80 کلومیٹر بڑھاتا ہے تو اس سے ہر 18 سیکنڈ میں 20 فیصد ایندھن زیادہ خرچ ہوتا ہے۔

ٹریفک کا اندازہ لگائیں

تحقیق سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ ڈرائیور کو ہمیشہ روڈ پر اپنے ذہن کو حاضر رکھنا چاہیے، اِس سے وہ نہ صرف بہت سے حادثات سے محفوظ رہ سکتا ہے بلکہ اِس سے گاڑی کا ایندھن بھی کم خرچ ہوتا ہے کیونکہ جب آپ حاضر دماغی سے ڈرائیونگ کرینگے تو آپ کو بخوبی اندازہ ہوگا کہ کہاں پر رفتار میں اضافہ کرنا ہے اور کہاں پر نہیں۔

گاڑی کے بریک کیسے لگائیں؟

ماہرین کے مطابق جب بھی گاڑی کی رفتار کو کم کرنے کیلئے اچانک سے بریک لگایا جاتا ہے تو اِس سے ایندھن زیادہ خرچ ہوتا ہے جبکہ اگر یہی بریک آرام سے لگایا جائے تو ایندھن کی بچت کی جاسکتی ہے۔

ٹریفک میں گاڑی کا انجن بند کردیں

اگر آپ ٹریفک میں پھنس جائیں تو گاڑی کے انجن کو بند کردیں کیونکہ گاڑی کے انجن کے مسلسل چلنے سے ایندھن بہت زیادہ خرچ ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جب گاڑی ٹریفک میں پھنسی ہوتی ہے تو وہ 10 منٹ میں 300 ملی لیٹر ایندھن ضائع کرتی ہے۔

گاڑی میں کم وزن رکھیں

ماہرین کے مطابق گاڑی میں جتنا زیادہ وزن ہوگا اتنا زیادہ ایندھن خرچ ہوگا، اس لیے بہتر ہے کہ گاڑی میں کم وزن رکھا جائے کیونکہ اس سے ایندھن کی کافی حد تک بچت ہوسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک درمیانی کار میں 25 کلو گرام وزن پر تقریباً 1 فیصد ایندھن زیادہ خرچ ہوتا ہے۔

اے سی کو بند کردیں

گاڑی کا ایئر کنڈیشنر چلانے کے لیے اضافی توانائی درکار ہوتی ہے اور اسے چلانے کے بعد گاڑی کا انجن تقریباً دس فیصد اضافی ایندھن استعمال کرنا شروع کر دیتا ہے۔

ایئرکنڈیشنر کو شروع میں زیادہ توانائی خرچ کرنی پڑتی ہے کیونکہ گاڑی کا اندورنی درجہ حرارت زیادہ ہوتا ہے اور ایئرکنڈیشنر کو گاڑی کے درجہ حرارت کو کم کرنا ہوتا ہے ایسے میں وہ زیادہ ایندھن کو خرچ کرتا ہے۔ لہٰذا بہتر یہی ہے کہ گاڑی کے شیشے نیچے کردیے جائیں، اِس سے ایئرکنڈیشنر کو زیادہ محنت نہیں کرنی پڑتی ہے۔