پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی، قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کا درجہ دینے کی قرارداد سندھ اسمبلی میں پیش کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی میں پی پی پی کے بانی انقلابی لیڈر ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کا درجہ دینے کی قرارداد وزیر اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے پیش کی، جس پر سعید غنی سمیت دیگر رہنماؤں نے اظہارِ خیال بھی کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اسلامی ممالک کو اکٹھا کیا۔ سپریم کورٹ نے خود مانا کہ بھٹو کیس میں غلطی ہوئی ہے اور ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینے کے نتیجے میں جو ظلم ہوا، اس کیلئے قانون میں ترمیم کرنا ہوگی۔
سندھ اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کا درجہ دیا جائے اور شہید ذوالفقار بھٹو کو ملک کا قومی اور جمہوری ہیرو قرار دیا جائے۔سعید غنی نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو جوسزا دی گئی، اس کے اثرات آج تک پاکستان بھگت رہا ہے۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی قائدین نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دئیے جانے کے بعد سے ہمیشہ انہیں شہید کا درجہ دیا ہے بلکہ ان کے بعد دہشت گردی کا شکار ہو کر جاں بحق ہونے والی بے نظیر بھٹو کو بھی شہید رانی کہہ کر پکارا جاتا ہے۔