لاہور: فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی ہے جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ نبئ آخر الزمان ﷺ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق رکنِ پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی ہے جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ ایوان فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کے رویے کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی قرارداد کے متن میں کہا گیا ہےکہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں سے تمام مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ فرانسیسی سفیر کو فوری طور پر ملک بدر کر دیا جائے اور حکومت فرانس سے سفارتی تعلقات فوری طور پر منقطع کرے۔
یاد رہے کہ گستاخانہ خاکوں کو آویزاں کرنے پر مسلم ممالک میں فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری ہے۔ کویت، قطر اور اردن کے بعد مصر نے بھی فرانسیسی مصنوعات ہٹانا شروع کردِیں۔
مصر میں بھی فرانسیسی مصنوعات کی خریدوفروخت ختم کی جارہی ہے، مصر کے صوبے منوفیۃ کے معروف شاپنگ مال سے فرانسیسی کمپنیوں کی بنی ہوئی اشیاء کو ہٹا دیا گیا۔
مزید پڑھیں: گستاخانہ خاکوں کا معاملہ، فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری