کراچی: عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام لیاری ٹاؤن میں تاریخ ساز ” رحمت ا للعالمین و ختم نبوت کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس کا آغاز قاری شاہ روم، قاری نعیم اللہ کی تلاوت سے کیا گیا گلدستہ ہدیہ نعت و ترانہ ختم نبوت ملک پاکستان کے مشہور و معروف نعت خواں مولانا محمد حبیب اللہ ارمانی، مولانا محمد عثمان شاکر نے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی روحانی شخصیت پیر ذوالفقار نقشبندی مجددی نے خطاب کرتے ہوئے کہا رحمت للعالمین اس دنیا میں سب سے بڑے آئیڈیل بنا کر بھیجے گئے۔ ان کی زندگی صرف مسلمان نہیں بلکہ پورے عالم میں بسنے والے تمام انسانوں کیلئے کامیابی حاصل کرنے کا قیمتی ذریعہ ہے۔
سرگودھا سے آئے ہوئے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی راہنماء مولانا محمد اکرم طوفانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پورے عالم کیلئے رحمت بناکر بھیجے گئے اور تمام عالم اسلام کے مسلمانوں کا حق بنتا ہے کہ تاج ختم نبوت کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نا کریں۔
عوام الناس کو چاہئیے وہ اپنے کاروبار کیساتھ حضور سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ختم نبوت کی پہرہ داری کرتے ہوئے مشن ختم نبوت کا پیغام بھی ہر طرف جاری رکھیں۔
مہمانان گرامی میں فیصل آباد سے آئے ہوئے مولانا رفیق جامی، آزاد کشمیر سے آئے ہوئے مہمان مولانا سعید یوسف کشمیری، امیر کراچی مولانا محمد اعجاز مصطفی، مرکزی مبلغ مولانا قاضی احسان احمد، جمعیت علمائے اسلام کراچی کے مرکزی رہنما قاری محمد عثمان نے بھی خطاب کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ تحفظ عقیدہ ختم نبوت کا کام روحانی تسکین کا ذریعہ ہے فتنہ قادیانیت کی تمام چال بازی عوام الناس کے سامنے پیش کرنے کا اصل مقصد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دامن سے پختگی کے ساتھ وابستہ رہنے کی فکر دینا ہے یاد رکھیں عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں کا بنیادی اور قیمتی اساس ہے۔
جس کی حفاظت کیلئے ہر دور میں اللہ رب العالمین نے جانثاروں کو پیدا کیا ہے اور قیامت کی صبح تک یہ کاروان باغیان مصطفی کی جماعت کو بے نقاب کرتی رہے گی۔
کانفرنس سے جمعیت علمائے اسلام ضلع جنوبی کے مسؤل مولانا نورالحق، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع جنوبی کے مسؤل مولانا محمد کلیم اللہ نعمان، لیاری ٹاؤن کے نگران مولانا محمد نعیم اللہ، صدر ٹاؤن کے نگران مولانا مسعود احمد لغاری، کیماڑی ٹاؤن کے نگران مولانا حضرت حسین فاروق، تربت کے مولانا احمد شاہ نے بھی خطاب کیا۔
پروگرام میں لیاری کے نامور عالم دین مولانا محمد یوسف افشانی، سماجی راہنما محمد ہلال، سردار عزیر لال، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ضلع شرقی کے مسؤل مولانا محمد رضوان قاسمی، ضلع وسطی کے مسؤل حافظ سید عرفان شاہ،
ضلع غربی کے مسؤل مولانا محمد شعیب کمال، ضلع ملیر کے مسؤل مفتی محمد اسحق مصطفی، مولانا عطاء الرحمن رحمانی، مولانا محمد نعمان ارمان مدنی، مفتی عبدالمتین، سمیت دیگر احباب نے بھی شرکت کی کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں عوام الناس سمیت علماء اکرام نے بھر پور شرکت کی۔
مزید پڑھیں: رحمت اللعالمین ﷺ اتھارٹی کی ویڈیو ریلیز، وزیر اعظم کا خراجِ تحسین