کراچی: چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے لیاقت آباد ریاض گرلز کالج احساس پروگرام کے دفتر پر دہشت گردوں کی جانب سے کئے گئے دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے کہا کہ یہ دھماکہ دہشت گردوں کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کے باعث لاک ڈاؤن میں بے روزگار اور مستحق افراد کو امداد پہنچانے والے احساس پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش نظر آتی ہے۔
چیئرمین بلدیہ وسطی نے دہشت گردوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا کوئی بھی منصوبہ حق پرست قیادت اور احساس پروگرام کے ذمہ داروں کو عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رکن رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم پاکستان زاہد منصوری کے ہمراہ احساس پروگرام کے دفترکا دورہ کرتے ہوئے کیا۔
لیاقت آباد ریاض کالج میں قائم احساس پروگرام کے دفتر کے دورے کے موقع پر کارکنان ،عوام اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےریحان ہاشمی نے کہا کہ سازشی عناصر کراچی کا امن برباد کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقعے پر لیاقت آباد ٹاؤن انچارج سمیع بھائی، چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی زین الحق بھائی اور یوسی چیئرمین یوسی پینلز موجود تھے۔ ریحان ہاشمی نے مزید کہا کہ کراچی ہمیشہ سے دہشت گردوں کے نشانے پر رہا ہے کیونکہ کراچی کا سکون پاکستان کا سکون ہے۔
ریحان ہاشمی نے کہا کہ کراچی میں بے چینی پھیلنا دراصل پاکستان میں بے چینی پھیلنے کے مترادف ہے کیونکہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اور ملک کی معشیت کو چلانے میں کراچی کا نمایاں کردار ہے۔اس موقع پر انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے یکجہتی کا اظہار کیا ۔