رولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) نے گزشتہ 20 سال سے 88 لاکھ روپے کی عدم ادائیگی کے باعث آئیسکو کا دفتر سیل کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی ڈی جی آر ڈی اے کیپٹن (ر) عبدالستار عیسانی کی ہدایت پر کی گئی۔ راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران نے شیر پاؤ کالونی میں واقع آئیسکو کے دفتر کو سیل کردیا۔
اس حوالے سے آر ڈی اے کا کہنا ہے کہ آئیسکو کے مذکورہ دفتر کے ذمے گزشتہ 20 سال سے 88 لاکھ 31 ہزار روپے کی رقم واجب الادا تھی۔ واجبات کی عدم ادائیگی پر آر ڈی اے کو آئیسکو کے دفتر کو سیل کرنا پڑا۔
آر ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ آئیسکو کے ذمے لیز کی مد میں واجبات تھے جو ادارے نے ادا نہیں کیے۔ سیل کیے گئے دفتر کی فعالیت واجبات کی ادائیگی سے مشروط ہے۔ واجبات ادا ہوتے ہی آئیسکو کا دفتر ڈی سیل کردیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے 28 ہاؤسنگ سوسائٹیز کو غیر قانونی قرار دے دیا