راولپنڈی اسلام آباد اور گردونواح میں تیز بارش اور ژالہ باری کے دوران 40 فیڈرز ٹرپ کر جانے کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور ژالہ باری جاری ہے۔ ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں کو بجلی فراہم کرنے والے 40سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں۔
ترجمان آئیسکو کے مطابق فیڈرز ٹرپ کر جانے کی وجہ سے متاثرہ علاقوں بحریہ گولف سٹی، فورتھ روڈ، جیل پارک، رحمت آباد، بیلا روڈ، دھمیال، ڈھوک حسو، قائدِ اعظم کالونی اور جی 10 میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
تیز بارش اور ژالہ باری کے باعث اسلام آباد میں جون کا مہینہ دسمبر کا منظر پیش کرنے لگا۔ وفاقی دارالحکومت کا درجۂ حرارت 19 سینٹی گریڈ تک گر چکا ہے۔ترجمان آئیسکو کے مطابق اقبال ٹاؤن، انگوری، پتھر گڑھ، کمپنی باغ اور نیوریس کورس کے فیڈرز متاثر ہوئے۔
آئیسکو کے مطابق بارہ کہو، سواں، جنڈ، نیو روات فیڈرز پر بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ تیز بارش اور ژالہ باری کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ چکا ہے، تاہم شہریوں کو بجلی کی فراہمی میں معطلی کے سبب روزمرہ معمولاتِ زندگی کے دوران مشکلات کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، پنجاب اور صوبہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔2 روز قبل کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا تھا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق 2 روز قبل بھی اسلام آباد اور گرد و نواح کے علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ راولپنڈی اور گردونواح میں گرج چمک کےساتھ موسلادھار بارش برستی رہی۔ لاہور اور نواحی علاقوں میں بھی بارش اور ٹھنڈی ہواوں نے موسم دلفریب بنا دیا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش، موسم خوشگوار