راولپنڈی:تھانہ روات پولیس نے نجی کمپنی کی کیب سروس سے گاڑی بک کرواکے گاڑیاں چوری کرنے والا 03 رکنی ڈکیت گینگ گرفتار، لاکھوں روپے کی گاڑیاں برآمد کر لی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان دیگر چوریوں کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں،ملزمان سے شناخت پریڈ کے بعد دوران تفتیش لاکھوں روپے مالیت کی 02 گاڑیاں ریکور کر لی گئی ہیں۔
گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ یاسر فدا اورساتھی ملزمان مہر خان و حسن خان شامل ہیں،گینگ کا سرغنہ یاسر فدا سابقہ پولیس ملازم ہے جسے قبل ازیں ضلع مردان میں منشیات کا مقدمہ درج ہونے اور جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ روابط رکھنے پر مارچ 2020 میں محکمہ پولیس سے برخاست کیا جا چکا ہے۔
پولیس کے مطابق سائنسٹیفک ٹیکنالوجی سے متحرک گینگ کے ملزمان کو ٹریس کر کے گرفتار کیا ہے،ملزمان سے برآمد کی گئی گاڑیاں قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اصل مالکان کے حوالے کی جائیں گی۔
متحرک گینگ کی گرفتاری پولیس کے لئے درد سر بنی ہوئی تھی، تاہم بڑی کوششوں کے بعد پولیس اس گینگ کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو کڑی سزا دلوائی جائے گی۔