اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سانحہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ حکومت ان کو کسی صورت نہیں چھوڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کی ایک بار پھر گرفتاری کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کسی صورت چھوٹ نہیں سکتے۔
اسمبلیاں مدت مکمل ہونے پر تحلیل ہوجائیں گی۔ رانا ثناء اللہ
بیان میں وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان تو سانحہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ ہیں، ان کے علاوہ جس جس پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اسے گرفتار کریں گے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ نوجوانوں کے والدین کو جیلوں سے باہر رونا پڑ رہا ہے۔ عمران خان پنکی پیرنی کے پاس بیٹھے تعویذ گنڈے کر رہے ہیں۔ تاہم اب بات کالے بکروں کے صدقوں سے نہیں ٹلے گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسمبلیاں 13 اگست کو مدت مکمل ہونے پر تحلیل ہوجائیں گی۔ عام انتخابات اکتوبر یا نومبر میں ہوں گے جو نگراں حکومت کا کام ہے۔
نجی ٹی وی سے 6 روز قبل گفتگو کے دوران وزیرِ داخلہ نے کہا کہ 9 مئی کو ملک میں جو کچھ ہوا، عمران خان اس کے ماسٹرمائنڈ تھے جبکہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی حملوں کی منصوبہ بندی میں شامل تھے۔