آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کا شور: راجا پرویز اشرف نے انتخابات کے بائیکاٹ کی حمایت کر دی

تازہ ترین

تازہ ترین

پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات کے حوالے سے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ملکی حالات کو مزید خرابی کی طرف لے جا رہی ہے۔پی پی پی کی قیادت نے حکومت پر دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے جبکہ راجا پرویز اشرف نے تیسرے مرحلے کے انتخابات کے بائیکاٹ کی حمایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق راجہ پرویز اشرف نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن پاکستان مسلم لیگ (ن)  کے اثر و رسوخ میں کام کر رہا ہے اور اس تمام صورتحال کے ذمہ دار چیف الیکشن کمشنر ہیں۔ راجا پرویز اشرف کے مطابق ایسے حالات میں قائم ہونے والی اسمبلی عوام کے مسائل حل نہیں کرسکے گی۔

پی پی پی رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اگر انتخابات شفاف نہیں ہیں تو انہیں کوئی قبول نہیں کرے گا۔  میری ذاتی رائے ہے کہ پیپلز پارٹی کو نتائج کو مسترد کر کے تیسرے مرحلے کے انتخابات کا بائیکاٹ کر دینا چاہیے، البتہ حتمی فیصلہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت کرے گی۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں انتخابی عمل غیرشفاف اور دھاندلی سے بھرپور تھا، لہٰذا پارٹی ان نتائج کو ہرگز قبول نہیں کرے گی۔

Related Posts