کراچی :سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے صدر سلیمان چاؤلہ نے پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے صنعتی علاقے سائٹ کے انفرااسٹرکچر کی تباہ کن صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے نوٹس لینے اور تباہ حال سڑکوں کی فوری تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ سائٹ لمیٹڈ صنعتی ایریا کا انفرااسٹرکچر بہتر بنانے ،صفائی ستھرائی اورصنعتکاروں کو سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہوگیا ہے جس کی وجہ سے فیکٹریوں میں خام مال کی سپلائی اور برآمدی مال کی ترسیل بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
سلیمان چاؤلہ نے کہاکہ سائٹ کا انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا ہے اورحالیہ تھوڑی بارش سے ہی صنعتی علاقے کاستیاناس ہوگیا بلکہ روڈ نظر ہی نہیں آرہے۔
سائٹ لمیٹڈ کے پاس گندگی صاف کرنے اور کچرا اٹھاکر اسے ٹھکانے لگانے کابھی کوئی انتظام نہیں اور نہ ہی نالوں کی مکمل صفائی کی گئی جس کی وجہ سے جگہ جگہ گندگی اور کچرے کے ڈھیر لگے ہیں ۔
پاکستان کا سب سے بڑا صنعتی علاقہ کچرا کنڈی کا منظر پیش کررہا ہے،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کی وجہ سے فیکٹریوں تک پہنچنا محال ہے جبکہ گاڑیاں انتہائی سست رفتار سے چلنے کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد اسلحہ کے زور پرباآسانی لوٹ مار کرکے فرار ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزراء اور متعلقہ اداروںکوکئی بار خطوط ارسال کیے اور ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر سلیم ناگریا اور نائب صدر فرحان اشرفی نے ہماری ہدایت پر سائٹ لمیٹڈ کے افسران کو بارہا صنعتی ایریا کا دورہ بھی کروایاور تباہ حال انفراسٹرکچر کی نشاندی کی گئی لیکن افسوس کوئی شنوائی نہیں ہوئی جس سے ایسا لگتا ہے کہ صنعتوں کا فروغ سندھ حکومت کی اولین ترجیح نہیں ۔
انہوں نے سندھ حکومت کو تجویز دی کہ سندھ اسمبلی کے جو سیشن ہورہے ہیں اور وزراء کے پروٹوکول پر جو اخراجات ہورہے ہیں ۔ان ااخراجات کو کرونا کے مہلک مرض سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال اورمعاشی بحرانوں کے پیش نظرکم کیے جائیں اوران فنڈز کو پاکستان کے معاشی مرکزکراچی کی تعمیروترقی اور صنعتی علاقوں بالالخصوص سائٹ کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانے پر لگائے جائیں تاکہ صنعتی پہیہ بلارکاوٹ گھوم سکے، روزگار کے مواقع پیدا ہوں اورملکی برآمدات کو فروغ حاصل ہو۔
مزید پڑھیں:کے الیکٹرک کیخلاف کراچی کا مقدمہ لڑینگے،زبیر موتی والا،سلیمان چاؤلہ