کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے شہر کے مختلف علاقوں میں آج اور کل بارش کی پیشگوئی کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گھگر پھاٹک میں تیز بارش شروع ہوگئی۔ گلشنِ حدید میں بارش کے ساتھ ساتھ طوفانی ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔ بن قاسم اور رزاق آباد میں بھی تیز بارش کا آغاز ہوگیا ہے۔
کراچی میں آج اور کل آندھی اور تیز بارش کی پیشگوئی
سپر ہائی وے، نوری آباد اور کاٹھور کے قریب بھی بارش ہورہی ہے جبکہ کراچی کے دیگر مختلف علاقوں میں ہلکی پھلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے جن میں لانڈھی کورنگی، ملیر اور گلستانِ جوہر شامل ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل محکمۂ موسمیات نے اعلان کیا کہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین اور میرپورخاص میں آج اور کل آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا بارش کے متعلق کہنا تھا کہ ہوا کا شدید کم دباؤ اس وقت مشرقی بھارت پر موجود ہے آج اسلام آباد، بالائی اور وسطی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔