شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں دن کے وقت ناظم آباد، میٹروول اور سائٹ ایریا کے علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، ضلع ملیر کے مختلف علاقوں میں بھی بوندا باندی ہوئی۔
خیبرپختونخوا میں زلزلے کے جھٹکے، درودیوار لرزگئے
کراچی کے علاقوں گلبہار، گرو مندر، ڈیفنس، ایم اے جناح روڈ، پٹیل پاڑہ، جہانگیر روڈ اور نمائش میں بارش ہوئی۔ محکمۂ موسمیات نے آج کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سندھ کے بیشتراضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم دادو اور کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پیر کے روز کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ منگل کو کراچی سمیت سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش مری میں 33 ملی میٹر، راولپنڈی میں 27، اسلام آباد میں 24، چکوال میں 20 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔