ملک میں 5مئی تک بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی، کون کون سے شہر متاثر ہونگے؟

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Rain, hailstorms, thunderstorms forecast till May 5
FILE PHOTO

محکمہ موسمیات نے یکم مئی سے پانچ مئی تک ملک بھر میں بارشوں، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک کی پیشگوئی کی ہے جس کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام اور تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، شمال مشرقی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور سندھ کے کچھ علاقوں میں بارش، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔

ان حالات میں پہاڑی اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں میں رہنے یا وہاں سفر کرنے والوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

اسلام آباد اور پنجاب کے علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے جبکہ وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

بالائی پنجاب کے اضلاع جیسے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال اور جہلم میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خوشاب میں بھی بارش کی پیشگوئی ہے۔ جنوبی پنجاب کے شہروں ملتان، ڈیرہ غازی خان، میانوالی، بھکر اور بہاولپور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش اور ژالہ باری متوقع ہے، جن میں چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، کوہستان، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، کوہاٹ، ہنگو، وزیرستان، مردان، پشاور اور بنوں شامل ہیں۔

مزید برآں لکی مروت، باجوڑ، مہمند، کرک، خیبر اور صوابی میں بھی وقفے وقفے سے موسمی شدت دیکھنے میں آ سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے متنبہ کیا ہے کہ آئندہ تین سے چھ گھنٹوں کے دوران بعض علاقوں میں شدید بارش متوقع ہے۔

سندھ کے مختلف اضلاع جن میں سکھر، میرپور خاص، تھرپارکر اور زیریں سندھ کے کچھ حصے شامل ہیں، میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ شام یا رات کے وقت سکھر، گھوٹکی، شکارپور، جیکب آباد، لاڑکانہ، خیرپور اور شہید بینظیر آباد میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جن میں کلات، کوئٹہ، زیارت، ژوب، موسیٰ خیل، چمن، مستونگ، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان، سبی، خضدار، چاغی، نوشکی، لسبیلہ اور آواران شامل ہیں۔

بعض اضلاع میں شام یا رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے بالائی پہاڑی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، جس سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بارش کے دوران پہاڑی اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں کا سفر نہ کریں، ایمرجنسی کٹس اور بنیادی ضروریات کا سامان تیار رکھیں، محکمہ موسمیات کی تازہ ترین معلومات کے لیے ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ‘ استعمال کریں اور شہری علاقوں میں نکاسی آب کا نظام صاف رکھیں تاکہ پانی جمع ہونے سے بچا جا سکے۔

این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Related Posts