اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل میڈیا ترجمان ڈاکٹر ارسلان خالد کے گھر پر چھاپہ مارا گیا ہے جس کے دوران مبینہ طور پر موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر سازو سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ارسلان کے گھر پر نامعلوم افراد نے چھاپہ مارا اور الیکٹرانکس کا سازوسامان قبضے میں لے کر اپنے ہمراہ لے گئے۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ رات گئے تحریکِ عدم اعتماد منظور ہوتے ہی چھاپہ مارا گیا۔
عمران خان نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا
گزشتہ شب وزیر اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد قومی اسمبلی میں منظور ہوگئی جس کے بعد عمران خان وزارتِ عظمیٰ سے ہٹ گئے۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ارسلان خالد کے تمام گھر والوں کے فون ضبط کر لیے گئے۔
نامعلوم افراد نے یہ کارروائی مبینہ طور پر ڈاکٹر ارسلان خالد کے سوشل میڈیا تبصرے پر کی۔ تحریکِ انصاف نے ایف آئی اے سے مطالبہ کیا کہ کارروائی میں مداخلت کی جائے۔ ڈاکٹر ارسلان خالد عمران خان کی ڈیجیٹل میڈیا مہم سنبھالنے کا کام کرتے تھے۔
معروف صحافی اور تجزیہ کار سلیم صافی کا 9 روز قبل اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ ایک دفعہ عدم اعتماد کا معاملہ کسی کنارے لگنے دیں تو ان شاء اللہ پہلا کام ارسلان، اظہر، غزالی اور جبران وغیرہ کو عدالت میں نشانِ عبرت بنانے کا کروں گا۔
سلیم صافی نے کہا کہ جب ان لوگوں کو عدالت کے کٹہرے میں لاؤں گا تو ان لوگوں اور انہیں نوازنے والوں سے قومی خزانے کی اس رقم کا حساب لیا جائے گا جو ان لوگوں نے ہم جیسوں کو گالیاں دینے کے بدلے لوٹا۔
ایک دفعہ عدم اعتماد کامعاملہ کسی کنارےلگنےدیں توانشااللہ پہلاکام ارسلان،اظہر،غزالی اورجبران وغیرہ کوعدالت کےکٹہرےمیں کھڑاکر کےنشان عبرت بنانےکاکروں گا۔تب ان لوگوں اور ان لوگوں کو نوازنے والوں سےقومی خزانےکی اس رقم کاحساب لیاجائےگاجوان لوگوں نےہم جیسوں کو گالیاں دینےکےبدلےلوٹا۔
— Saleem Safi (@SaleemKhanSafi) April 1, 2022