یکم مئی کو بالی ووڈ کی دو فلمیں ’ریڈ 2‘ اور بھوتنی‘ سینما گھروں کی زینت بنیں جس کے ساتھ ہی اس ماہ کے فلمی ریلیز کا آغاز ہوا۔
اگرچہ دونوں فلموں کے درمیان باکس آفس پر مقابلہ جاری ہے تاہم آمدنی کے لحاظ سے دونوں کے درمیان فرق بہت واضح ہے۔ اجے دیوگن کی فلم ’ریڈ 2‘ ایک سیاسی تھرلر ہے جبکہ سنجے دت کی فلم ’ بھوتنی‘ ہارر اور کامیڈی کا امتزاج ہے۔
ویب سائٹ ساکنلک کے مطابق ’ریڈ 2‘ نے ریلیز کے دوسرے دن 11اعشاریہ 75 کروڑ روپے کا بزنس کیا جو کہ اگرچہ ایک متاثر کن رقم ہے مگر پہلے دن کی کمائی یعنی 19اعشاریہ 25 کروڑ کے مقابلے میں نمایاں کمی ہے۔
اس طرح فلم کی مجموعی دو روزہ آمدنی اب تک 31 کروڑ روپے ہو چکی ہے، جو اسے ایک کامیاب آغاز فراہم کرتی ہے۔
دوسری جانب سنجے دت کی فلم ’ بھوتنی‘ سینما گھروں میں اپنی جگہ بنانے میں مشکلات کا شکار دکھائی دیتی ہے۔
فلم نے ریلیز کے دوسرے دن صرف 62 کروڑ روپے کمائے جبکہ پہلے دن کی کمائی 65 کروڑ رہی۔ مجموعی طور پر فلم کی دو دن کی کل آمدنی صرف 1اعشاریہ 27 کروڑ روپے تک محدود رہی جو باکس آفس پر ایک کمزور کارکردگی تصور کی جا رہی ہے۔
’ریڈ 2‘ کی کاسٹ میں اجے دیوگن کے ساتھ رتیش دیشمکھ، وانی کپور، راجت کپور، سوربھ شکلا، سپریا پاٹھک اور امیت سیال شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سیریز کی پہلی فلم میں اجے دیوگن کے ساتھ الیانا ڈی کروز اور سوربھ شکلا نے نمایاں کردار ادا کیے تھے۔
یہ فلم 1980 کی دہائی میں انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کیے گئے ایک حقیقی چھاپے پر مبنی تھی اور ’ریڈ 2‘ اسی کہانی کو آگے بڑھاتی ہے جہاں افسر امے پٹنایک ایک بدعنوان سیاستدان کے خلاف چھاپہ مارتا ہے مگر وہاں کچھ بھی نہیں ملتا۔
فلم کی کہانی اس بات پر مرکوز ہے کہ امے کس طرح بدعنوانی اور چیلنجز کے بیچ میں اپنی راہ تلاش کرتا ہے۔
’بھوتنی‘ میں سنجے دت، سنی سنگھ، مونی رائے اور پلک تیواری مرکزی کرداروں میں نظر آتے ہیں۔ اس فلم کو سدھانت سچدیو نے تحریر اور ہدایت دی ہے۔
فلم کی کہانی بابا کے گرد گھومتی ہے، جو ایک تجربہ کار پیرا فزسسٹ (ماورائی طبیعیات دان) ہے اور ایک ایسی پراسرار مخلوق سے نبرد آزما ہوتا ہے جو اس نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔