جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ اہل دانش معاشرے کو تقسیم در تقسیم ہونے سے بچائیں۔ نفرت انگیز مواد اور تقاریر معاشرے کی تباہی کا باعث ہیں۔
امن و آشتی، اخوت و بھائی چارے اور رواداری کے پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔ امت مسلمہ کی درست سمت رہنمائی کرنا علماء کی اہم ذمہ داری ہے۔ معاشرے کو افراط و تفریط سے بچانا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں:
مودی سرکار نے جیل میں قید کشمیری حریت لیڈر کی جائیداد قرق کرلی
ان خیالات کا اظہار انہوں اسلامک ریسرچ کونسل آف پاکستان کے زیراہتمام اپنے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب کے صدارت جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے پروفیسر ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس نے کی۔
سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی و اخلاقی بحران سے نکلنے کیلئے علم و تحقیق کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔
پروفیسر ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس نے صدارتی خطبہ میں کہا کہ علم انسان کو پستی سے بلندی کی طرف لے جاتا ہے۔ یہ ادنیٰ کو اعلیٰ بناتا ہے۔ غیر تہذیب یافتہ اقوام کو تہذیب کی دولت سے مالا مال کرتا ہے، لہذا ہمیں اپنے تعلق کو کتاب سے مضبوط بنانا ہوگا۔
تقریب سے ڈاکٹر مفتی کریم خان، ڈاکٹر مفتی حسیب قادری، پروفیسر ڈاکٹر اکرم رانا، ڈاکٹر علی اکبر الازہری، ڈاکٹر عمران انور نظامی، ڈاکٹر شمس الرحمان شمس، نواز کھرل و دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں پروفیسر ارشد اقبال نعیمی، مفتی انتخاب احمد نوری، ڈاکٹر سلطان سکندر، ڈاکٹر سعید احمد سعیدی، مولانا فاروق امیر، مولانا رمضان فاروقی، پروفیسر سفارش علی نعیمی، مولانا محمد علی نقشبندی، صاحبزادہ عماد کریم خان، مولانا انس مختار سمیت ملک بھر سے ماہرین تعلیم اور علماء و مشائخ نے شرکت کی۔