فرانسیسی جنگی طیارہ ساز کمپنی ڈاسو ایوی ایشن کے حصص منگل کو اس وقت 6 فیصد گر گئے جب پاکستان نے اعلان کیا کہ اس کی فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے 5 جنگی طیارے مار گرائے ہیں جن میں تین “رافیل” بھی شامل ہیں۔
پاکستانی دفاعی ذرائع کے مطابق تباہ کیے گئے طیاروں میں تین رافیل، ایک مگ29، ایک ایس یو 30 اور ایک جاسوس ڈرون شامل ہے۔
ان طیاروں نے بھارتی فضائی حدود میں ہی رہتے ہوئے اسٹینڈ آف میزائل کے ذریعے پاکستانی علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی تاہم پاکستانی فضائیہ نے نہ صرف ان کا سراغ لگایا بلکہ انہیں وقت پر نشانہ بھی بنایا۔
بھارت کی طرف سے بےتحاشا دعوؤں اور اربوں ڈالر کے معاہدے کے باوجود رافیل کا بھارتی مہم جوئی میں انجام نہ صرف تکنیکی ناکامی بلکہ سفارتی شرمندگی میں بھی بدل گیا۔
پاکستان کی بروقت اور شاندار جوابی کارروائی نے نہ صرف رافیل کی “طاقت” کا بھرم توڑا، بلکہ عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی متزلزل کر دیا۔ نتیجتاًڈاسو ایوی ایشن کے شیئرز یوں گرے جیسے رافیل طیارے خود گرے۔
جیسا کہ ہمیشہ ہوتا ہے، بھارتی میڈیا نے فوری طور پر دعویٰ کیا کہ انہوں نے بھی پاکستانی طیارے مار گرائے ہیں مگر پاکستانی دفاعی ترجمانوں نے ان دعوؤں کو بے بنیاد اور فریب پر مبنی قرار دیا۔
ترجمان نے واضح کیا”نہ ہمارا کوئی طیارہ گرا، نہ ہمارا کوئی نقصان ہوا۔ یہ صرف بھارتی عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش ہے تاکہ رافیل کی موت پر ماتم نہ کرنا پڑے۔”
ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ نے نہ صرف تمام بھارتی طیاروں کو راستے میں ہی روک دیا بلکہ تمام پاکستانی طیارے بحفاظت واپس بھی لوٹ آئے۔
بھارت کے زیر استعمال رافیل طیارے تباہ ہونے کے بعد فرانسیسی کمپنی کے شیئرز زمین بوس ہونے کی اطلاعات ہیں۔