اسلام آباد: سی ای او قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ قطر پاکستان میں توانائی، ایئرپورٹ انفراسٹرکچر وغیرہ میں سرمایہ کاری کیلئے گہری دلچسپی رکھتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سی ای او قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی شیخ فیصل بن تھانی الثانی کے درمیان ایک ورچوئل میٹنگ میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فنانس ڈویژن کی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ نے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے منصوبے کی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور انہیں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
وزیر خزانہ نے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے سی ای او کا خیرمقدم کیا اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے ممکنہ مواقع پر آگاہ کیا۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے متعدد ڈھانچہ جاتی اصلاحات کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور شیخ فیصل الثانی کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔