پنجاب حکومت نے اسموگ کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر مزید پانچ اضلاع میں اسکول بند کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔
اس سے قبل صوبائی حکومت نے لاہور، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ میں بھی تفصیلی ہدایات جاری کی تھیں، جس کے تحت بازاروں کو رات 8 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
اب ڈی جی خان، ساہیوال، بہاولپور، سرگودھا اور راولپنڈی ڈویژنز میں بھی اسموگ کے بڑھتے اثرات سے طلبہ اور والدین کو محفوظ رکھنے کے لیے اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ان تمام شہروں میں سرکاری و نجی اسکولز، کالجز اور ٹیوشن سینٹرز بند رہیں گے۔ حکومت نے تعلیمی اداروں کو مشورہ دیا ہے کہ طلبہ کے تعلیمی وقت کے نقصان کو روکنے کے لیے آن لائن کلاسز کا انعقاد کیا جائے۔
نومبر میں بھی گرمی، کراچی کو گرم موسم سے کوئی ریلیف نہیں ملے گا
منگل کو لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست رہا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس صبح کے وقت 773 تک پہنچ گیا۔ اس مضر صحت ہوا کے باعث حکام نے شہر میں مزید پابندیاں عائد کر دی ہیں، جن میں کئی موٹرویز کی بندش بھی شامل ہے۔
زہریلی ہوا، جو زیادہ تر بھارت سے آ رہی ہے، نے پورے پنجاب کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ چکا ہے۔ صبح کے وقت لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 773 اور اسموگ کی شرح 910 ریکارڈ کی گئی۔