پنجاب کی وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے بھارتی حملوں کے پیشِ نظر صوبہ بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے جبکہ تمام اضلاع میں سخت سیکورٹی اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔
مریم نواز نے بھارتی بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ “پاکستان کے ایک ایک انچ کا دفاع ہمارے ایمان اور میرے حلف کا حصہ ہے۔ دشمن نے مئی میں وار کیا ہے، ہم اسے 28 مئی 1998 کی طرح منہ توڑ جواب دیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ہر بچہ اس آزمائش میں سرخرو ہو کر نکلے گا، ان شاءاللہ۔”انہوں نے واضح کیا کہ پوری قوم متحد ہے اور دشمن کا جواں مردی سے مقابلہ کرے گی۔
دوسری جانب عوامی تحفظ کے پیشِ نظر آج پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، جبکہ تمام طے شدہ امتحانات کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔
حکومتِ پنجاب نے تمام سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی ہیں۔ محکمہ صحت کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور طبی عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے متعلقہ ہسپتالوں اور طبی مراکز پر حاضر ہو کر ایمرجنسی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔
پنجاب کے 36 اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ سول ڈیفنس سمیت تمام اہم محکموں کے افسران اور اہلکاروں کو بھی ڈیوٹی پر طلب کر لیا گیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ صرف ایک عسکری محاذ آرائی نہیں بلکہ ہماری قومی یکجہتی، حوصلے اور ہمت کا بھی امتحان ہے۔ قوم کا اتحاد اس وقت ہماری سب سے بڑی طاقت بنے گا۔