لاہور: پنجاب حکومت نے اورینج لائن، میٹرو اور اسپیڈو بس سروس کے ساتھ سینئر زشہریوں، طلبہ و طالبات اور معذوری کے حامل افراد کیلئے مفت ٹرانسپورٹ فراہمی کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز حکومت لاہور، ملتان اور راولپنڈی جیسے صوبے کے اہم شہروں میں عوام کی ٹرانسپورٹیشن کو بہتر کرنے کیلئے پر عزم ہے تاکہ عوام کی زیادہ سے زیادہ تعداد میٹرو بس اور اورینج لائن جیسی سروسز سے استفادہ کرسکے۔
پروگرام کی تفصیلی تجاویز پنجاب حکومت کی کابینہ کمیٹی برائے خزانہ کو ارسال کردی گئی ہیں۔ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کو آج ہونے والے اجلاس میں حتمی منظوری دینا تھی۔ اس سے قبل بھی پنجاب حکومت دیگر اہم اقدامات اٹھا چکی ہے۔
اپنے ماضی قریب کے اعلان میں پنجاب حکومت نے عزم ظاہر کیا تھا کہ وہ یتیم طلبہ کو موٹر سائیکل فراہم کرے گی۔ سیکریٹری ٹرانسپورٹ پنجاب کا کہنا تھا کہ طلبہ کیلئے آسانی کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت ماحول دوستی کی بھی مثال قائم کررہی ہے۔
الیکٹرک موٹر سائیکلز کی فراہمی سے پنجاب حکومت کو صوبے میں فضائی آلودگی اور اسموگ کے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ پروگرام کے ذریعے طلبہ کو اپنی مرضی کے ماڈل کی موٹر سائیکل منتخب کرنے کی آزادی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔